ماہرین کی امراض دل والوں کیلئے حیرت انگیز تحقیق

ماہرین نے ایک تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ اگر روزانہ 150 گرام بلیوبیریاں کھائی جائیں تو دل کے امراض کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہو سکتا ہے کیونکہ بلیوبیری کے بعض اجزا خون کی روانی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور شریانوں اور رگوں کی سختی دور کرتے ہیں۔یہ تحقیق یونیورسٹی آف ایسٹ اینجلیا کے ماہرین نے کی ہے جس میں 138 فربہ خواتین و حضرات کو روزانہ 150 گرام بلیوبیری کھلائی گئیں۔ اس تحقیق میں شامل افراد کی عمر 50 سے 75 سال کےدرمیان تھی۔ اس تمام عرصے میں لوگوں میں کارڈیو میٹابولک سنڈروم یا سی ایم ایس کو نوٹ کیا جاتا رہا جس میں ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دیگر ایسے عارضوں کو دیکھا جاتا ہے جو دل کی بیماری کی طرف لے جاتے ہیں۔ اس حالت میں سب سے پہلے خون کی رگیں متاثر ہوتی ہیں۔چھ ماہ تک مسلسل بلیو بیری کھلانے کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ بلیوبیری رگوں کی سختی کم کرتی ہیں اور خون کے بہاؤ کو بڑھاتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ 12 سے 15 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔