معروف پاکستانی جوڑی کا ایک ہونے کا فیصلہ

پاکستانی ڈراموں کی سپر ہٹ جوڑی احد رضا میر اورسجل علی نے حقیقی زندگی میں بھی ایک ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے منگنی کر لی۔اداکار و گلوکار احد رضا میر نے ساتھی اداکارہ سجل علی کے ساتھ باضابطہ طور پر منگنی کا اعلان کر دیا ہے۔ احد رضا میر نے یہ اعلان ویب سائٹ انسٹاگرام پر کیا۔احد رضا میر نے کہا کہ انہیں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ اپنے خاندانوں کی دعاؤں کے ساتھ ہم باضابط طور پر منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ہمارا یہ خاص دن ہمارے گھر والوں دوستوں اور پرستاروں کی دعاؤں سے مزید خاص ہوگیا ہے۔اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر متعدد ٹی وی ڈراموں کے ساتھ بالی وڈ فلم میں بھی کام کر چکے ہیں۔دونوں فنکاروں کے منگنی کرنے کے اعلان کے بعد جہاں ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں ماہرہ خان صدف کنول ہانیہ عامر یاسر حسین عائزہ خان سمیت شوبز فنکاروں نے بھی دونوں کو ہمیشہ خوش رہنے کی دعائیں دیں۔