fbpx

The Report Center – رپورٹ سنٹر

میر شکیل الرحمن کیس۔ 7 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور کی احتساب عدالت نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کا نیب کی درخواست پر 7 اپریل تک مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ اس سے قبل عدالت نے نیب کی مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں میر شکیل الرحمٰن کے خلاف نیب کی درخواست پر ڈیوٹی جج جواد الحسن نے سماعت کی۔ سماعت شروع ہوئی تو میر شکیل الرحمٰن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ میر شکیل الرحمٰن سے مشاورت کرنی ہے، جس کے لیے عدالت کچھ وقت فراہم کرے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو مشاورت کرنے کا حق حاصل ہے۔عدالت نے مہلت فراہم کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔ کچھ دیر کے توقف کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے الزام عائد کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کو جو زمین فراہم کی گئی وہ غیر قانونی طور پر ٹرانسفر کی گئی، ایل ڈی اے نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نواز شریف کے حکم پر یہ زمین دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایل ڈی اے سے یہ غلطی ہوئی کہ اس نے بیک وقت زمین میر شکیل الرحمٰن کے نام کرنے کا حکم دیا، ایل ڈی اے کے کچھ قواعد و ضوابط ہیں جن کا خیال نہیں رکھا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی کو بلوایا تھا، جنہوں نے کہا کہ انہیں تمام ریکارڈ فراہم کر دیں، وہ تمام ریکارڈ دیکھ کر تفصیلی جواب دیں گے۔ میر شکیل الرحمٰن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب کی تاریخ میں پہلی بار ایسا کیس سامنے آیا ہے کہ چیئرمین نیب نے ذاتی طور پر میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ نیب کی میر شکیل الرحمٰن کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر میر شکیل الرحمٰن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ میر شکیل الرحمٰن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، ایسا کونسا قتل کا کیس ہے جس میں آلۂ قتل برآمد کرنا ہے، جسمانی ریمانڈ میں توسیع نہ دی جائے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد میر شکیل الرحمٰن کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت نے کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی درخواست منظور کر لی اور میر شکیل الرحمٰن کا 7 اپریل تک مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

اس خبر پر بحث کرنے کے لئے ابھی ہمارے پورٹل پر فری رجسٹر کریں۔

زمرے
Close Menu