حکومتِ پاکستان نے کورونا وائرس کے حوالے سے سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی

حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے حوالے سے باضابطہ سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کیلئے حکومت پاکستان نے سرکاری ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ http://covid.gov.pk پر عوام پورے پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کرسکیں گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومت ذمہ داریاں پوری کررہی ہیں، فردوس عاشق اعوان.فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنےکیلئے حکومت اور اسٹیک ہولڈرز متحرک ہیں، قرنطینہ میں موجود زائرین سے وزیراعظم نےمسائل سنے، وفاقی اور صوبائی حکومت اپنی ذمےداریاں پوری کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشت کو دھچکا لگا ہے، پاکستان میں بھی اس کےاثرات ہیں، ڈیلی ویجر عوام کی جان و مال اور صحت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔فردوس عاشق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میل جول کم کریں، پُرہجوم محفلوں میں جانے سے اجتناب کریں، بدقسمتی سےکچھ مٹھی بھر عناصر مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوری کررہے ہیں، مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف وزیراعظم نےصوبائی حکومتوں کو ہدایات دے دی ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ ہمیں کسی قسم کی غذائی قلت کا سامنا نہیں ہے، کھانےکی اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف وزیراعظم نےصوبائی حکومتوں کو ہدایات دے دی ہیں۔