عمان کرونا کی زد میں، کیسز میں تیزی سے اضافہ

خلیجی ریاست عُمان میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عمان میں 1605 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جو اس خلیجی ریاست میں اب تک کے ریکارڈ یومیہ کیسز ہیں۔نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 31,076ہو گئی ہے۔ نئے کیسز میں 921 تارکین وطن ہیں جب کہ 684 کا تعلق عُمان سے ہے۔ مملکت میں کورونا کے مزید 6 مریض چل بسے، جو کہ اب تک کی ریکارڈ یومیہ اموات ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 137 افراد کورونا کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔ عْمان میں کرونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، گزشتہ روز مزید 856 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 16408 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اس وقت پندرہ ہزار سے زائد افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 100مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ وزارت صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔

اس خبر پر بحث کرنے کے لئے ابھی ہمارے پورٹل پر فری رجسٹر کریں۔

زمرے