لاہور، ماسک نہ پہننے پر 21 ہزار سے زائد چالان

ملک کے دوسرے اور پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور کے سی ٹی او حماد عابد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر 8 روز کے دوران 21 ہزار 491 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماسک نہ پہننے والے 17 ہزار موٹرسائیکلوں سواروں، 2 ہزار 139 کار سواروں، 2 ہزار 308 پبلک ٹرانسپورٹ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 52 ہزار 601 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 969 ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

اس خبر پر بحث کرنے کے لئے ابھی ہمارے پورٹل پر فری رجسٹر کریں۔

زمرے