برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد21 لاکھ

لاطینی امریکی ملک برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد21 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک 79ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیل میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید24ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2099896 ہوگئی ہے۔ برازیل میں اس وقت کورونا وائرس کی649134 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 716 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 79533 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق برازیل میں14 لاکھ سے زیادہ کورونا مریض وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ برازیل کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ساؤ پالوکورونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں اب تک وائرس کے چار لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ شہر میں وبا سی20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریو ڈی جنیرو میںایک لاکھ 53ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ شہر میں 12ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات کی تعداد امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔