کراچی، شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی اتر گیا

کراچی میں بارش کے بعد رات سے بند اسٹیل ملز لنک روڈ کھول دیا گیا ہے، شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی اتر گیا ہے جبکہ بابائے قوم قائداعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن ، اردو بازار، ایمپریس مارکیٹ سمیت شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے۔ گزشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش کے بعد کاٹھور ندی میں برساتی پانی آنے کے بعد اسٹیل ملز لنک روڈ بند کر دیا گیا تھا جسے اب کھول دیا گیا ہے ، کاٹھور ندی میں پھنسے دو افراد کو بچانے کے لیے ٹریفک پولیس افسر خود رسی اور ٹائر لے کر ندی میں کود گئے تھےاور دونوں افراد کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ شہر میں بارش سے زیر آب آئے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی اتر گیا ، شارع فیصل،ناگن چورنگی سےبارش کا جمع پانی نکال دیا گیا، راشد منہاس روڈ، شاہراہ پاکستان سے برساتی پانی کی نکاسی کردی گئی ہےجبکہ ایمپریس مارکیٹ سگنل سمیت کھارادر وزیر مینشن کے اطراف بارش کا پانی جمع ہے اور نکاسی تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی ہے۔ ملیر کینٹ جناح ایونیو سے صفورا چورنگی جانے والی سڑک اور نارتھ ناظم آباد میں نو تعمیر پلوں کے ساتھ پانی ابھی بھی جمع ہے جس کے باعث وہاں صبح میں دفتری اوقات کے سبب ٹریفک جام کا منظر ہے ۔ دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بدستور معطل ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج بھی شہر قائد میں بادل برسنے کی کا امکان ہے ۔

اس خبر پر بحث کرنے کے لئے ابھی ہمارے پورٹل پر فری رجسٹر کریں۔

جواب دیں

زمرے