پنجاب کئی شہروں میں تاجربرادری نے لاک ڈاﺅن کو مسترد کرتے ہوئے کاروباری مراکز کھول دیئے انتظامیہ نے فوج سے مدد مانگ لی

لاہور:فیصل آباد ، راولپنڈی اور اوکاڑہ سمیت کئی دیگر شہروں میں تاجربرادری نے پنجاب حکومت کے لاک ڈاﺅن کو مسترد کرتے ہوئے کاروباری مراکز کھول دیئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر پولیس اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی اور نا خوشگوار واقعات بھی دیکھنے میں آ ئے ہیں ۔سرگودھا میں بھی تاجروں نے پابندی مسترد کردی ، پولیس کے ناکام ہونے کے بعد انتظامیہ نے فوج سے مدد مانگ لی ۔فیصل آباد میں انتظامیہ نے کھلنے والی دکانیں بند کرواتے ہوئے کئی تاجروں کو حراست میں لے لیا۔ سرگودھا کی تاجر برادری نے حکومت کے لاک ڈاﺅن کو مکمل طور پرمستر دکر دیاہے جس کے بعد تاجر برادری اور انتظامیہ آمنے سامنے آ گئی ہے ۔سرگودھا میں تاجروں نے اکھٹا ہو کردکانیں کھولنا شروع کر دیں جس پر انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے مارکیٹس کو دوبارہ بند کروانا شروع کر دیا تاہم اس کے بعد تاجر برادری ٹولیوں کی شکل میں گھومتی پھرتی اور احتجاج کرتی دکھائی دی تاہم اس کے بعد تاجر برادی نے جتھے کی شکل اختیار کی اور دکانیں کھولنے کی کوشش جاری ہے ۔ انتظامیہ نے پولیس کے ہاتھ سے صورتحال کو نکلتے ہوئے دیکھنے کے بعد اب فوج سے مدد مانگ لی ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ لاک ڈاﺅن پر عملدرآمد کروانے کیلئے فوج کو باضابطہ طلب کیا گیا ہے یا نہیں ۔ لاہور کی اعظم کلاتھ مارکیٹ میں پولیس اور تاجروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے ، پولیس کا کہناہے کہ اعظم کلاتھ مارکیٹ میں چند تاجروں نے دکانیں کھولنے کی کوشش کی ہے جس پر ہم دکانیں بند کروانے کیلئے گئے تو وہاں تلخ کلامی ہوئی ۔ لاہور کے انار کلی بازار میں بھی تاجروں نے دکانیں کھولنا شروع کر دی ہیں جبکہ ریڈی میڈ گارمینٹس کی کئی دکانیں کھولی بھی جا چکی ہیں اور پولیس وہاں پر ناکام دکھائی دیتی ہے فیصل آباد میں بھی تاجروں نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر لگائے جانے والے لاک ڈاﺅن کومستر د کرتے ہوئے گھنٹہ گھر کے گرد آٹھوں بازار کھولنا شروع کر دیئے تھے لیکن اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر پہنچ کر پولیس کی مدد سے دوکانیں بند کروا دیں اور لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کو حراست میں بھی لے لیا گیاہے اور مقدمہ درج کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ فیصل آباد میں بھی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کو بازاروں میں تعینات کر دیاہے ۔ راولپنڈی میں انجمن تاجران اور چیمبر آف کامرس نے کاروبار کھولنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد راولپنڈی کے تمام چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز ، شاپنگ مال کھول لیے گئے ہیں ، تاجروں کا موقف ہے کہ تین صوبے کھلے ہیں لیکن پنجاب ہی کیوں بند ہے ؟ ۔ گوجرانوالہ میں بھی تاجر برادری نے لاک ڈاﺅن کو مسترد کر دیاہے اور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں ، مسلم بازار کے تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کر دیاہے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں ، پولیس تاجروں کو منتشر کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔ تاجروں نے چوکی شاہ دولہ کا گھیراﺅ بھی کر لیاہے اور حکومت مخالف نعرے بازی جاری ہے ۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔

اس خبر پر بحث کرنے کے لئے ابھی ہمارے پورٹل پر فری رجسٹر کریں۔

جواب دیں

زمرے