کشمیر کا سفیر رہوں گا، وزیراعظم کا دو ٹوک پیغام

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ برسوں بعد میری حکومت نے کشمیر کا مقدمہ نہایت مؤثر طور پر اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے، میں بطور سفیر کشمیریوں کی آواز بنا رہوں گا۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یومِ استحصال کے موقع پر اہلِ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میں آج آزاد جموں و کشمیر کی اسمبلی سے خطاب کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے اہلِ کشمیر کو بھارت کے ہاتھوں ظالمانہ و سفاکانہ فوجی محاصرے کا سامنا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے ذریعے جن کشمیریوں کی آواز گُل کرنے کی کوشش کی میں بطورِ سفیر ان سب کی آواز بنا رہوں گا۔