حب ڈیم میں گزشتہ ایک رات کے دوران پانی کی آمد میں 7 فٹ کا ریکارڈ اضافہ

کراچی اور حب کے نواحی علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں گزشتہ ایک رات کے دوران پانی کی آمد میں 7 فٹ کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ 3 دن کے دوران ڈیم میں 16 فٹ پانی آ چکا ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں گزشتہ 3 دن کے دوران ہونے والی شدید بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں سے قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 312 فٹ پر تھی۔ ہفتے کی شام تک ڈیم میں سطح آب 321 فٹ تک بلند ہو چکی تھی، جبکہ آج صبح 9 بجے حب ڈیم میں سطح آب 328 فٹ کا نشان عبور کر رہی تھی۔ مقامی لوگوں کے مطابق بہت کم ایسا ہوا ہے کہ محض ایک رات میں حب ڈیم میں اس قدر زیادہ پانی آیا ہو۔ حب ڈیم سے نکلنے والی ایک کینال کے ذریعے پانی حب، ساکران اور اس کے نواحی علاقوں میں پینے اور زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے سپلائی کیا جاتا ہے۔