گلوکار بلال سعید نے معافی مانگ لی

گلوکار بلال سعید نے اپنے نئے گانے ’قبول‘ کی ویڈیو کیلئے مسجد وزیر خان میں فلمائے گئے رقص کے مناظر پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد اسے گانے کی ویڈیو میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ ہوا ہے اس سے آپ کے جذبات کو گہری چوٹ پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان ، مہذب انسان اور فنکار کی حیثیت سے ، کبھی بھی اسلام یا کسی دوسرے مذہب، نسل، ذات، رنگ یا مسلک کی توہین اور رسوائی نہیں کریں گے۔ بلال سعید نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مسجد میں نکاح کے مناظر فلمائے گئے تھے لیکن غلط فہمی کی بنا پر سمجھا گیا کہ ہم نے مسجد میں موسیقی چلائی اور اس پر رقص کرکے اس کے تقدس کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میں بھی مسلمان ہوں اور میری تربیت ایک مسلمان گھرانے میں ہوئی ہے میں ایسی کام کا سوچ بھی نہیں سکتا۔