پنجاب بھر میں سنیما ہال اور تھیٹر کھولنے سے متعلق ایس او پیز جاری

پنجاب بھر میں سنیما ہال اور تھیٹر کھولنے سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب محمد عثمان نے سنیما ہال اور تھیٹر کھولنے سے متعلق ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان کے مطابق ماسک پہنے بغیر افراد کے سینما اور تھیٹر میں داخلے پر پابندی ہو گی۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جاری کی گئی ہدایات کے مطابق تھیٹر یا سینما ہال میں 40 فیصد کسٹمرز کو آنے کی اجازت دی جائے۔ اِن ڈور بند ہالز کی بجائے کھلے اوپن ایئر تھیٹرز کو ترجیح دی جائے، خود براہِ راست ٹکٹ خریدنے کی بجائے آن لائن ٹکٹ خریدیں۔ کسی بھی تقریب کا وقت 3 گھنٹے سے زائد ہرگز نہ رکھا جائے، ہر شو کے بعد سینما یا تھیٹر کو ڈس انفیکٹ کرنا لازمی ہو گا۔ سیکریٹری ہیلتھ محمد عثمان کا جاری کی گئی ہدایت میں مزید کہنا ہے کہ سینما اور تھیٹرز 40 سے 60 منٹ دورانیے کے شوز آفر کریں گے۔