بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز میں پاکستانی اداکار کو کاسٹ کرلیا گیا

خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز میں پاکستانی اداکار حسن خان کو کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ اداکار حسن خان نے فیس بُک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’الحمد اللہ مجھے وہ پروجیکٹ مل گیا ہے جو میرے دل کے انتہائی قریب ہے کیونکہ میں سوشانت سنگھ کا کردار ادا کروں گا۔‘ حسن خان نے پوسٹ میں اپنی اور سوشانت سنگھ کی ایک جیسا پوز دیتے تصویر بھی شیئر کی۔ سوشانت کی زندگی پر ایمازون پرائم کیلئے ویب سیریز بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مرکزی کردار کیلئے پاکستانی اداکار کا انتخاب کیا گیا۔ سوشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکار کو کیریئر میں پیش آنے والی مشکلات اور انتھک محنت سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور شہرت سمیت ان کی ذاتی زندگی پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ واضح رہے کہ 34 سالہ نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے14 جون کو ممبئی کے علاقہ باندرہ میں اپنی رہائش گاہ پر خود کُشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔ خود کشی کی وجہ اداکار کو ذہنی ڈپریشن میں مبتلا قراردیا تھا تاہم اداکار کی موت کی تحقیقات تو ابھی تک جاری ہے لیکن اب تک خودکشی کرنے کی کوئی اور وجہ سامنے نہیں آئی۔