ابرارالحق کو یوٹیوب کا سلور پلے بٹن مل گیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور نغمہ نگار ابرارالحق کو یوٹیوب کا سلور پلے بٹن مل گیا۔ چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (انجمن ہلال احمر پاکستان) ابرارالحق نے انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں یوٹیوب کی جانب سے سلور بٹن سے نوازا گیا ہے۔ گلوکار نے لکھا کہ ’الحمداللہ، آج میں نے یوٹیوب کی جانب سے سلور بٹن وصول کیا ہے۔‘ انہوں نے یوٹیون چینل سبسکرائب کرنے والے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انشاءاللہ یہ چینل انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے سلور پلے بٹن چینل بنانے والے کو اس وقت دیا جاتا ہے جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے اور گولڈن پلے بٹن اس وقت دیا جاتا ہے جب یوٹیوب پر چینل کے سبسکرائبرز کی حد 10 لاکھ سے تجاوز کرجائے۔ واضح رہے کہ ابرارالحق بھی عالمی وبا کورونا کا شکار ہوگئے تھے، انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ کورونا کا شکار ہونے کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔