مالی سال 2020 کے اختتام تک ملکی قرضے اور واجبات 44 ہزار 563 ارب روپے تک پہنچ گئے

مالی سال 2020 کے اختتام تک ملکی قرضے اور واجبات 44 ہزار 563 ارب روپے تک پہنچ گئے۔اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال ملکی قرض و واجبات 11 فیصد اضافے سے 44 ہزار 563 ارب روپے تک پہنچ گئےجبکہ جون 2018 میں قرض و واجبات کا حجم 29879 ارب روپے تھا۔ ایک سال کے دوران قرضوں اور واجبات میں 4 ہزار 340 ارب روپے جبکہ دو سال کے دوران اس میں 14 ہزار 684 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2020 میں مقامی قرضے 12 فیصد اضافے سے 23 ہزار 281 ارب روپے ہوگئے، ایک سال میں مقامی قرضے 2 ہزار 550 ارب روپے جبکہ دوسال کے دوران 6 ہزار 865 ارب روپے بڑھے۔دوسری جانب مالی سال 2020 میں بیرونی قرضے 7 فیصد اضافے سے 11 ہزار 824 ارب روپے رہے، ایک سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 769 ارب روپے جبکہ دوسال میں بیرونی قرضوں میں 4 ہزار 28 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔