بڑی خوشخبری، پاکستان کی پہلی بلڈ لیس ڈائلائسس مشین تیار کرلی گئی

وزارت آئی ٹی کے تعاون سے پاکستان کی پہلی بلڈ لیس ڈائلائسس مشین تیار کرلی گئی۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ اس ڈائلیسس مشین سے مریض گھر میں ہی بغیر کسی جسمانی تکلیف کے ڈائلاسس کر سکیں گے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ مشین کی تمام متعلقہ اداروں سے منظوری کے بعد اس کی کمرشل بنیادوں پر تیاری ہوگی، مشین وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ سیڈ اور اینجل انویسٹرز کی مالی معاونت سے تیار کی گئی۔وفاقی وزیر سید امین الحق کو میڈیکل ڈوائسز کمپنی بائی اونکس (Byonyks) کے بانی فرخ عثمان کی بریفنگ دی گئی ۔ سید امین الحق نے کہاکہ انقلابی مشین کی تیاری پر ٹیم بائی اونکس مبارکباد اور تعریف کی مستحق ہے، اس طرح کے انقلابی اقدامات ہی ملک و قوم کو آگے لے جانے کا باعث بنیں گے۔وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام نے کہاکہ اس مشین سے مہنگے طرز علاج سے نجات اور عام آدمی کو فائدہ ہوگا ، جلد ہی تمام متعلقہ امور کی تکمیل کے بعد مشین کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دی جائے گی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ وزارت آئی ٹی نوجوانوں کی تیکنیکی تربیت کے ساتھ عوام کی خدمت میں کوشاں ہے۔