آسکر ایوارڈز، بہترین فلم کی نامزندگی کے لیے نئی شرائط کا اعلان

فلمی دنیا کا معتبر ترین ایوارڈآسکر دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس نے 2024 سے بہترین فلم کی نامزندگی کے لیے نئی شرائط کا اعلان کردیا۔آسکر اکیڈمی نے رواں برس جون میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ اس فلم کی ہی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جائے گا، جس فلم کی ٹیم رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر اداکاروں اور دیگر ٹیم کی خدمات حاصل کرے گی۔ اکیڈمی کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ آئندہ اس فلم کو ہی نامزد کیا جائے گا جس کی ٹیم نے اسکرین پر بھی ہر رنگ و نسل کے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہوگا اور اس نے ہر طرح کے افراد کو دیگر مواقع بھی فراہم کیے ہوں گے۔تاہم اس وقت اکیڈمی نے واضح نہیں کیا تھا کہ مذکورہ شرائط کس کیٹیگری کی فلموں پر عائد ہوں گی، لیکن اب آسکر اکیڈمی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ شرائط صرف بہترین فلم کی نامزدگی کے لیے ہی ہیں۔