موٹروے زیادتی کیس وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہیں ترجمان پنجاب حکومت

لاہور(ویب ڈیسک)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لاہور موٹروے زیادتی کیس پر وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہیں، وزیرِ قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے،بزدار حکومت ملزمان کو پکڑ کر نشان عبرت بنائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فارنزک ڈیپارٹمنٹ، سی آئی اے سمیت تمام ادارے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، ملزمان کو پکڑنے کے لیے روایتی اور جدید تفتیشی طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں، اس اندوہناک واقعے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے، ایسی گھنانی حرکتوں میں ملوث افراد معاشرے کا ناسور ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بزدار حکومت ملزمان کو پکڑ کر نشان عبرت بنائے گی۔یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نےسیالکوٹ موٹروے پر خاتون سے ڈکیتی اور زیادتی کے شرمناک واقعہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے،کمیٹی تین دن میں تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی اور واقعہ کے محرکات، حقائق اور نتائج کا تعین کرے گی۔ کمیٹی کے ارکان میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب اور ڈی جی پنجاب فرانزک اتھارٹی شامل ہیں۔