کراچی، غیر ملکی خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل ہوا ہے، پوسٹ مارٹم

کراچی کے بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن میں گزشتہ ہفتے غیرملکی خاتون نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ قازقستان کی شہری 53 سالہ خاتون سیوٹ لینہ زوجہ فاروق الا جناح اسپتال لائی گئی تھیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ایم ایل او نے خودکشی لکھا تھا، جبکہ پولیس کے مطابق جائے وقوع کے شواہد اور دیگر ثبوت کی بنا پر پولیس کو قتل کاشک ہوا۔ پولیس کی درخواست پر دوبارہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا، میڈیکل بورڈ نے پولیس کے خدشات درست ثابت کر دئیے اور رپورٹ میں غیر ملکی خاتون سیوٹ لینہ کو گلا دبا کر قتل کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ جس پر بوٹ بیسن پولیس نے خاتون سیوٹ لینہ کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا۔ غیر ملکی خاتون کے سر پر بھی زخم کے نشانات تھے ۔پولیس نے قتل کے مقدمے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا۔