سانحہ موٹروے پر سیاستدانوں کی سیاست جاری، حکومت اور اپوزیشن کریڈٹ لینے میں مصروف

شہباز گل کو مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی شناخت تو فارنزک لیب کا نظام قائم ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے ٹھکانے تک تو آپ کو شہباز شریف نے پہنچا دیا، جبکہ آپ کی اہلیت یہ ہے کہ ملزم آپ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہو گیا۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، شہباز گل کے ن لیگ کے رہنماؤں پر وار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ کے ارسطو اعظم کہتے ہیں کہ پنجاب فارنزک لیب ن لیگ کا پروجیکٹ تھا۔ ان صاحب کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ فارنزک لیب پرویز الٰہی کے دور کا پروجپکٹ تھا۔ مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ فارنزک لیبارٹری میاں نوازشریف کی قیادت میں ہمارے دور میں بنائی گئی۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی نے سانحے موٹر وے کے مجرم کا فارنزک لیب میں ڈی این اےمیچ ہونے پر کہا تھا کہ تھینک یو نواز شریف، تھینک یو شہباز شریف آپ کی محنت رنگ لائی اور قوم کی بیٹی کے مجرم پکڑے گئے ۔