باب وولمر نے پاکستانی بیٹنگ کو درست کرنے کے لیے بڑی محنت کی

کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے باب وولمر کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے ان کی طرز پر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باب وولمر نے پاکستانی بیٹنگ کو درست کرنے کے لیے بڑی محنت کی اور اس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہوئے. محمد یوسف نے کہا کہ میری بھی کوشش ہوگی کہ میں بھی باب وولمر کے طریقوں کو اپنا کر بیٹسمینوں کی خامیاں دور کروں اور ان کی بیٹنگ میں نکھار لاؤں۔ محمد یوسف نے کہا کہ سیکھنے کا عمل ساری عمر جاری رہتا ہے جو سیکھنا چھوڑ دیتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا محنت پر یقین ہے اور جو محنت جاری رکھتا ہے خدا کی ذات اس کو کامیابی اور عزت سے نوازتی ہے ۔ سابق کپتان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میری بھرپور کوشش ہو گی کہ نوجوان بیٹسمین میرے تجربے سے استفادہ حاصل کریں اور میں بھی اس میں اپنی پوری کوشش کروں گا، کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔