شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک سپاہی شہید

شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں ایک سپاہی شہید ہوگیا ۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ شمالی وزیرستان میں بویا میران شاہ روڈ پر سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب آئی ای ڈی دھماکہ ہوا ، دھماکے سے 33 سالہ سپاہی ساجد شہید ہوگیا ، جس کے بعد سیکیورٹی فورسزز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان میں ہی بم دھماکے میں پاک فوج کے اعلیٰ افسر سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ہوا، 4 اہلکار شدید زخمی ہوئے، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے باعث 3 فوجی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے ، شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ ناصرحسین، نائیک محمدعمران اور سپاہی عثمان اختر شامل ہیں۔ واقعے میں سیکیورٹی فورسز کے 4اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ بتایا گیا کہ پاک فوج کے جوان گھر یوم کے علاقے میں میں سڑک تعمیر کرنے والوں کی حفاظت کر رہے تھے جب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ۔ واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان لیفٹیننٹ ناصر آسٹریلیائی دفاعی فورس اکیڈمی کے گریجویٹ تھے۔ لیفٹیننٹ ناصر کے والد محترم بھی شہادت کے رتبے پر فائض ہو چکے۔ لیفٹیننٹ ناصر اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے،ان کی کوئی بہن یا بھائی نہیں ہے۔ ان کی شہادت کے بعد والدہ محترمہ دنیا میں تنہاء رہ گئی ہیں۔

جواب دیں