ملک بھر میں بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنا شروع

کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے سبب بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنا شروع ہو گئے۔ ملک بھر میں جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے ہیں، اس موقع پر اسپرے اور سینی ٹائز بھی کیا گیا۔ ملک بھر میں 23 ستمبر کو چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز اور 30 ستمبر سے پرائمری کلاسز بھی شروع ہو جائیں گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج نویں ، دسویں تک سرکاری و نجی اسکول، مدارس، کالج اور جامعات کھل گئیں اور کورونا وائرس سے بچنے کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ تدریسی عمل کا آغاز ہو گیا۔ وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے۔

جواب دیں