لبنان، زور دار دھماکہ، متعدد عمارتیں تباہ

لبنان کے جنوبی دیہی علاقے میں حزب اللّٰہ کے اسلحہ گودام میں زور دار دھماکے کے باعث متعدد عمارتیں تباہ ہوگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ تفاح کے دیہی شہر عین قنا میں ہونے والے دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور دھوئیں کے بادل دور دراز علاقوں میں بھی نظر آئے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے دھماکا عسکریت پسند تنظیم حزب اللّٰہ کے اسلحہ ڈپو میں ہوا جس کے باعث متعدد عمارتیں زمین بوس اور درجنوں عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ کئی گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے، تاہم حتمی تعداد یا زخموں کی شدت کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔ میڈیا رپورٹس میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے وقت اسرائیلی جاسوس طیارے علاقے میں پروازیں کرتے ہوئے دیکھے گئے جو منگل کی صبح سے وقتاً فوقتاً پرواز کر رہے تھے۔ حزب اللّٰہ کے المنار ٹی وی نے حادثے کو نامعلوم وجوہات قرار دیا۔