ڈاکٹر سے بدسلوکی کے واقعہ، دوسرا کانسٹیبل بھی گرفتار

لاہور میں وزارتِ خارجہ کیمپ آفس میں ڈاکٹر سے بدسلوکی کے واقعے میں ملوث دوسرے کانسٹیبل کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور فارن منسٹری کیمپ آفس میں ڈاکٹر نعمان دستاویزات کی تصدیق کے لئے آئےتھے، ڈیوٹی پر موجود اہل کار گلفام نے ان سے مبینہ طور پر بدتمیزی شروع کردی۔ ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار ڈاکٹر نعمان کو گریبان سے پکڑ کر تشددکا نشانہ بنارہا ہےجبکہ اسلام نامی دوسرا پولیس اہلکار ویڈیو بنانے والے شہری کو روک رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسپلن کو انکوائری کا حکم دےدیا، جس کے بعد پہلے کانسٹیبل گلفام اور بعد میں کانسٹیبل اسلام کو گرفتار کرلیا گیا، دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا ہے کہ کسی اہلکار کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔