غلاف کعبہ فیکٹری، حرمین عجائب گھر اور حرم لائبریری کھولنے کی منظوری

سعودی عرب میں غلاف کعبہ فیکٹری، حرمین عجائب گھر اور حرم لائبریری کھولنے کی منظوری دیدی گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس نے انتظامیہ کے ماتحت بیرونی اداروں کو عوام کے لیے کھولنے کی منظوری دی۔ عبدالرحمٰن السدیس نے غلاف کعبہ فیکٹری، حرمین عجائب گھر اور حرم لائبریری کو یکم ربیع الاوّل بمطابق 18 اکتوبر سے کھولنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر حرمین انتظامیہ نے اپنے ماتحت اداروں کو عوام کے لیے بند کر دیا تھا۔