پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 465 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 40 لاکھ 41 ہزار 962 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 641 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 13 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 805 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔ پسکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 452 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 638 تک جا پہنچی ہے۔ کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 174 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 567 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 6 ہزار 640 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 41 ہزار 474 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 574 ہو گئیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 1 ہزار 425 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 288 ہو گئیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 38 ہزار 565 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 265 ہو گئیں۔

جواب دیں