مقبوضہ کشمیر میں قائداعظم اور عمران خان کے پوسٹر چسپاں

بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں سرینگر، گاندر بل، بارہمولہ، بانڈی پورہ ، بڈگام اور دیگر علاقوں میں پاکستانی رہنمائوں کے پوسٹر چسپاں کر دیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر ’’جموں وکشمیر لبریشن الائنس ‘‘کیطرف سے لگائے گئے ہیں اور ان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ ، صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر اور کشمیر کے بارے میں انکے بیانات موجود ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تصاویر کے ساتھ ان کا یہ مشہور قول درج ہے کہ’’ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘‘ ۔ ڈاکٹر عارف علوی کی تصویر کے ساتھ’’آزادی کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے ، ہم کشمیریوں کو ہرطرح کی مدد فراہم کریں گے اور انہیں انکی جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑیں گے‘‘ جبکہ عمران خان کی تصویر کے ساتھ ’’ پاکستان جموںوکشمیر کو ہر فورم پر ہر قسم کی مدد فراہم کرے گا‘‘جیسی عبارات درج ہیں۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڑ کرانے کیلئے 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔بھارت نے 27اکتوبر1947ء کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموںوکشمیرمیں اپنی فوجیںاتارکر اس پر ناجائز قبضہ کیاتھا۔