کراچی، کرونا وائرس کی تصدیق پر 5 سکول بند

شہر قائد کے علاقے ملیر میں کورونا کیسزسامنے آنے پر 5 اسکول بند کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے اسکولوں میں طلبہ ، اساتذہ اور دیگر عملے سے لیے گئے نمونوں میں سے سینکڑوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کی بناء پر انہیں بند کردیا گیا ، بندش کا شکار ہونے والوں میں بڑی تعداد میں سرکاری اسکول شامل ہیں ، جہاں کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اسکولوں میں ڈس انفیکٹ اسپرے کیے جانے کے بعد انہیں یکم نومبر سے ایک بار پھر تعلیمی عمل کے لیے کھول دیا جائے گا۔ دوسری طرف پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بناء پر ماہرین صحت نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پرائمری میں پڑھنے والے بچوں کو اسکول مت بھیجیں ، معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر ڈاکٹر جمیل اختر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر دس سال تک کی عمر کے بچوں کی تعداد11 ہزار 35 اور 11 سال سے 20 سال تک کے بچوں اور نوجوانوں کی تعداد 24 ہزار 755 ہے ، جب کہ احتیاطی تدابیر کے بغیر اسکول کھلنے اور چھوٹے بچوں کے آپس میں گھل مل جانے کے باعث ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں زیادہ بہتر ہوگا کہ پرائمری میں زیرتعلیم بچوں کو اسکول نہ بھیجیں بلکہ انہیں گھروں میں ہی تعلیم دی جائے ، کیوں کہ کورونا کے باعث بچے خود تو کم متاثر ہوتے ہیں لیکن ان کی وجہ سے وائرس والدین اور دیگر لوگوں میں منتقل ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے ، بچوں میں کورونا وائرس کی علامات بڑوں کے مقابلے میں نہایت مختلف ہوتی ہیں ، بچوں میں کورونا وائرس کے نتیجے میں نزلہ زکام کی علامات سے لے کر پیٹ کی خرابی اور الٹیوں کی علامات پائی گئیں۔