جنوبی افریقا کے خلاف سیریز، پلیئنگ الیون کا انتخاب کپتان بابر اعظم کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کپتان بابر اعظم کریں گے۔ وہ ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشورہ کرسکتے ہیں۔ بابر اعظم کی ذمے داریوں کا تعین کیا گیا ہے کہ ان کے پاس ڈریسنگ روم میں مشورے کے لئے تین کپتان مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان موجود ہوں گے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جنگ میں شائع ہونے والی خبر کو درست قرار دیا ہے کہ جنوبی افریقا کی سیریز کے لئے 20 کھلاڑیوں کا اعلان جمعے کو کراچی میں سلیکشن کمیٹی کی حتمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ٹیم سلیکشن میں کپتان بابر اعظم کو کردار اہم ہوگا۔ یقینی طور پر مصباح الحق بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ٹیسٹ سے قبل سولہ کھلاڑیوں کا اعلان ہوگا جبکہ گیارہ کھلاڑی بابر اعظم، مصباح الحق کے مشورے سے منتخب کریں گے۔