فیصل آباد میں پیٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، اہلکارقصوروارقرار

پٹرولنگ کے دوران پولیس کے اختیارات سے تجاوزکرتے ہوئے فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا، واقعے میں ملوث اے ایس آئی شاہد منظور اورتین پولیس اہلکارگرفتارکرلیا گیا ہے۔ فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں پٹرولنگ کے دوران ناکے پرموجود پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو مشکوک ہونے کے باعث روکنے کی کوشش کی تووہ نہ رکے اورخوف کے باعث گاڑی بھگادی، جس پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے شہری وقاص احمد جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے میں قصوروارقراردیے گئے اے ایس آئی شاہد منظورسمیت تین پولیس اہلکاروں کوگرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آرکے مطابق پٹرولنگ پولیس اہلکارنوجوان وقاص کی لاش کی بے حرمتی کرتے رہے سی پی او کی جانب سے واقعے کی رپورٹ آئی جی پنجاب کوبھیج دی گئی جس کے مطابق ابتدائی محکمانہ تحقیقات میں پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی غفلت پائی گئی، اہلکاروں نے اختیارات سے تجاوزکیا، قواعد نظرانداز کیے، غیرمسلح افراد پرفائرنگ کا کوئی جوازنہ پایا گیا۔ دوسری جانب ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پولیس نے پہلے چیچہ سٹاپ پرکار کو روکا اس دوران گاڑی میں سوار وقاص اور اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوگئی، گاڑی بھگانے پر پٹرولنگ اہلکاروں نے تعاقب کیا اور آراے بازار کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ سے وقاص زخمی ہوا جو بعد ازاں جاں بحق ہوگیا، مقدمہ میں نامزد چاروں پٹرولنگ اہلکاروں کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔ آئی جی پنجاب نے قصورواران کے خلاف سخت محکمانہ اورقانونی کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے غیر مہذب رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے واقعات میں ملوث افسران واہلکاروں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔