یاسر نواز کیساتھ کیا پرسرار واقعہ پیش آیا؟

ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز نے اپنے ساتھ ماضی میں پیش آنے والے پرسرار واقعے کی کہانی بتادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار یاسر نواز نے بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے جب وہ کراچی میں تین تلوار کے راستے میں آنے والی ایک خستہ حال عمارت میں گئے توانہیں وہاں کا چوکیدار خاصا پراسرار محسوس ہوا۔ یاسر نواز نےبتایاکہ چوکیدار سے جو بھی سوال کیا جاتا وہ اس کا جواب 2 سے 4 سیکنڈ بعد دیتا۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ شوٹ کیے جانے والے سین رات کے تھے تو ہم نے منصوبہ بنایا کہ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک عمارت میں شوٹنگ کی جائے، جب ہم عمارت میں داخل ہوئے تو مجھے اور میری ٹیم کو ایک عجیب سی وحشت محسوس ہوئی۔ یاسر نواز نے بتایا کہ رات ساڑھے 12 بجے کے قریب میری نظر یونہی اُوپر کی جانب پڑی تو میں نے دیکھا کہ سفید رنگ کا سایہ جس کے کندھے بھی نظر آرہے ہیں لیکن چہرہ نظر نہیں آرہا کمرے میں جھانک رہا ہے، جب میں نے اپنی ٹیم کی ایک لڑکی سے کہا کہ اُوپر دیکھو کچھ نظر آرہا ہے؟ تو اُس نےجواب دیا کہ سر میں ابھی وہی دیکھ رہی تھی ،ایسا لگ ہے جیسے کوئی جھانک رہا ہے۔ اداکار نے کہا کہ میں نے اُس لڑکی سے کہا کہ خاموش رہو کیونکہ اگر ہم نے شور مچایا تو اداکار بھی شور مچائیں گے اور سین شوٹ نہیں کریں گے لیکن میری نظریں اوپر ہی تھیں مگر میں نے دیکھا وہ سایہ آہستہ آہستہ پیچھے جاتا رہا اور ختم ہوگیا۔