نیب آصف زرداری اور نواز شریف کو گرفتار کر لیتی ہے لیکن مولانا کو گرفتار کرتے ہوئے ڈرتی ہے

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ مولانا کی چابی آخر کس کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی تھی اور میڈیا سے کہا کہ اس پر پریس کانفرنس کریں ۔ مولانا صاحب کو اس بات کا علم ہونا چاہئیے کہ وزیراعظم عمران خان واشگاف الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب سے نیب اور ایف آئی اے نے دس مرتبہ کہا ہے کہ اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات اور ذرائع بتا دیں لیکن یہ نہیں بتاتے۔ انہیں یہ تو علم ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کیا چاہتی تھی اور اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی تھی لیکن انہیں یہ علم نہیں ہے کہ ان کے اپنے اور ان کے بچوں کے نام جو کروڑوں روپے کی جائیدادیں ہیں آخر وہ کہاں سے آئی ہیں۔