عابد علی کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ برقرار

پاکستانی اوپنر عابد علی ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کررہے ہیں۔ عابد علی راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی دن صرف چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دائیں ہاتھ کے اوپنر اس سے قبل کراچی میں پہلے ٹیسٹ کے دوران صرف چار اور 10 رنز بنا سکے تھے ، اس میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ عابد علی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی گزشتہ 13 اننگز میں صرف دو مرتبہ 30 رنز سے آگے بڑھ سکے ہیں اور 18.07 کی اوسط سے صرف 235 رنز بنا سکے ہیں جس کے بعد ان کی قومی میں جگہ پر سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہوگیا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈریسنگ روم میں ’لیجنڈ‘ کے لقب سے مشہور عابد نے اپنے پہلے دو ٹیسٹ میں دو سنچریاں بناکر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر 9واں بلے باز بن کر عمدہ انداز میں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی آمد کا اعلان کیا تھا۔