راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 3 وکٹوں پر 63 رنز بنالیے

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانےکے وقفے پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 63 رنز سکور کرلیے ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کا انتخاب کیا۔عابد علی اور عمران بٹ نے 21 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر عمران بٹ محض 11 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پہلی وکٹ گرنے پر اظہر علی میدان میں آئے لیکن مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے وہ بھی صفر کے انفرادی سکور پر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کیشو مہاراج کے ساتھ دوسرے اینڈ سے اینرچ نورٹجے نے کاری وار شروع کئے اور عابد علی 22 کے مجموعی سکور پر 6 رنز بنا کر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے جو راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، اس سے قبل کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔