سندھ حکومت نے 6 سال پرانی ناقص گندم فلور ملز کو دے دی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے حکومت سندھ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام خصوصا کراچی کے شہریوں کو مضر صحت گندم زبردستی کھلائی جا رہی ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ’’سندھ میں ایک مافیا حکومت کر رہا ہے جو کسی بھی قیمت پر مال پانی کھانا چاہتا ہے بھلے اس کے لئے لوگوں کی جانوں سے ہی نہ کھیلنا پڑ جائے۔ سندھ کے عوام خصوصا کراچی کے شہریوں کو مضر صحت گندم زبردستی کھلائی جا رہی ہے۔ان کے چوہے 14 ارب کی تازہ گندم کھا جاتے ہیں اور عوام کے لئیے ناقص گندم۔‘‘ معاون خصوصی نے اس ٹوئٹ کے ساتھ ہی ایک خبر کی تصویر بھی شیئر کی جس کے مطابق محکمہ خوراک سندھ نے 6 سال پرانی 32 ہزار ٹن گندم جو کہ انسانوں کے لیے مضر صحت ہے ، فلور ملز کو بھجوا دی گئی ہے تاکہ فروری میں اس سے آٹا بنایا جا سکے ۔