راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے 8 وکٹوں پر 217 رنز بنالیے، 288 رنز کی برتری

دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنالیے ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی ۔ قومی ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقہ کیخلاف اوپننگ کرنیوالے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، عابد علی کی مزاحمت 13 رنز پر دم توڑگئی۔ کپتان بابراعظم اس سیریز میں تیسرے بار لیفٹ آرم سپنر مہاراج کا شکار بنے، وہ 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم سپنر جارج لنڈے نے قومی بلے بازوں کو اپنے سپن جال میں پھنسایا، اظہرعلی 33، فواد عالم 12 اور فہیم اشرف 29 اور یاسر شاہ 23 رنز بنانے کے بعد لنڈے کا شکار بنے۔ محمد رضوان نے ذمہ دارنہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری سکور کی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے جارج لنڈے نے 4 ، کیشو مہاراج نے 3 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان کوئنٹن ڈی کاک پہلی اننگز میں 29 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وین ڈیر ڈسن کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈوپلیسی 17 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے انرج نورجی نے 5 اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔