نیو یارک اسمبلی؛ 5 فروری کو ’’کشمیر امریکن ڈے‘‘ منانے کی قرارداد منظور

ریاستی اسمبلی نے نیویارک میں ہر سال 5 فروری کو یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد منظور کرلی جس کا پاکستان نے خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ردعمل میں کہا ہے کہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ قرار داد یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منظور کی گئی جو خوش آئند ہے۔ پاکستانی اور کشمیری بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ قرارداد کشمریوں کی جدوجہد کو تقویت دیتی اور کمشیریوں کی منفرد ثقافت اور مذہبی حیثیت کو تسلیم کرتی ہے اوریہ نیویارک سٹیٹ کی انسانی حقوق بشمول نقل و حرکت کی آزادیوں کی عکاس ہے۔ قرارداد ثبوت ہے کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیاں چھپا نہیں سکتا۔ قرارداد کے ذریعے بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرلیا گیا ، مظلوم کشمیریوں کی آواز امریکی ایوانوں تک پہنچانے میں پاکستان امریکا گروپ کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔ ادھر مین ہیٹن میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مظاہرہ کیا۔ قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور کشمیریوں کے حوالے سے نیویارک یوم کشمیر منانے والی امریکا کی پہلی ریاست بنانے میں پاکستانی کمیونٹی نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ یوم یکجہتی کشمیر پر آذربائیجان بھی کشمیری عوام کی آواز بن گیا،پانچ فروری کی مناسبت سے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے آذربائیجان نے باکو کے مشہور حیدر علیوف سنٹر کو پاکستانی پرچموں سے روشن کیا۔