ترسیلات زرکا500 ملین ڈالرکا ہدف حاصل کرلیا ہے: عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستان ملک کا بڑا اثاثہ ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے ترسیلات زرکا 500 ملین ڈالر کا ہدف حاصل کرلیا ہے، صرف 5 ماہ میں 97 ملکوں سے 88 ہزار اکاؤنٹ کھولے گئے۔ عمران خان نے اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے اسٹیٹ بینک کے اقدام پر رضا باقر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آئے تو تاریخی خسارے کا سامنا تھا ، پچھلے ڈھائی برس میں 6 ہزار ارب روپے قرضوں کی اقساط کی مد میں واپس کئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم کے لیے فنڈز میں بیرون ملک پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کا حصہ لیا۔ عمران خان نے کہا کہ جب تک روپیہ مضبوط نہیں ہوگا، معیشت مضبوط نہیں ہوگی، جب کرنسی گرتی ہے تو سرمایہ کاری بھی گر جاتی ہے، کورونا کے دور میں ہماری برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔