محمد حفیظ کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں : سرفراز احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اس خیال کو مسترد کردیا ہے کہ وہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کے خلاف کسی قسم کے برے جذبات رکھتے ہیں۔ پی ایس ایل 6 سے پہلے ایک ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے محمد حفیظ کے ساتھ حال ہی میں ٹویٹر پر ہونے والی بحث کے بارے میں بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے اور محمد حفیظ کے مابین کوئی ناراضگی نہیں ہے، محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں اور میں ہمیشہ ان کی عزت کروں گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے اُنہیں پاکستان کا نمبر ون وکٹ کیپر قرار دیا۔ اس کے بعد سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر محمد حفیظ کو مخاطب کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’حفیظ بھائی صاحب، پاکستان کیلئے کھیلنے والے تمام کھلاڑی ملک کیلئے نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق انکی عزت کی جاتی ہے‘۔