این اے 75 ضمنی انتخاب، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے فتح کے دعوے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا جب کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے فتح کے دعوے کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ڈسکہ سے قومی اسمبلی کے نشست این اے 75 پر ضمنی انتخاب ہوا تھا، حلقے میں تحریک انصاف کے علی اسجد خان اور ن لیگی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔ 20 پولنگ اسیٹشنز کا عملہ نتائج کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے رات گئے تک مکمل نتائج سامنے نہیں آ سکے تھے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار کو اپنے مدمقابل پر معمولی برتری حاصل تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوے کئے دوسری جانب ریٹرننگ افسر نے اب حلقے کا غیر سرکاری حتمی نتیجہ روک دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لا پتہ ہونے والے پولنگ اسٹیشنز کا عملہ ڈی آر او آفس سیالکوٹ پہنچ گیا تاہم ریکارڈ ٹیمپر لایا گیا ، پولیس کسی قسم کا تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں ہو رہی، ڈی پی او فون سن رہے ہیں لیکن پولیس کو ایکشن کی کوئی ہدایات نہیں دے رہے۔ وزیر اعلی کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی ریٹرنگ آفسر کے دفتر میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ ڈسکہ میں گذشتہ روز پولنگ کے دوران امیدواروں کے حمایتیوں میں روایتی لڑائی جھگڑے اور پولنگ سست ہونے پر تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے تھے، اس کے علاوہ فائرنگ کے ایک واقعہ میں 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران 5 پولنگ سٹیشنز کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے ، شہر کے مین بازار میں قائم پولنگ سٹیشن کے قریب 4 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے خواتین خوف کے باعث گھبرا کر پولنگ سٹیشن کے باہر سے چلی گئیں۔ جبکہ حلقے میں نامعلوم افراد نے آتشیں اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا۔ جس کے باعث ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوشل میڈیا پر ڈسکہ میں ہونے والی فائرنگ کی کئی ویڈیوز بھی موجود ہیں لیکن حلقے میں مختلف مقامات پر ہونے والی فائرنگ کے واقعات میں ملوث کسی ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی گئی۔ خیال رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کی اگست میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخار الحسن شاہ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی انتخاب کے تحت آج پولنگ ہوئی جو فائرنگ کے واقعات کی نذر ہو گئی۔

جواب دیں